نئی دہلی: اکادمی برائے فروغِ استعدادِ اردو میڈیم اساتذہ، جامعہ ملیہ اسلامیہ بہ اشتراک ہیومن ویلفیئر ٹرسٹ، نئی دہلی کی جانب سے 10 اکتوبر کو پانچ روزہ ورکشاپ کا افتتاحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت اکادمی برائے فروغ استعداد اردو میڈیم اساتذہ کے اعزازی ڈائریکٹر پروفیسر شہزاد انجم نے فرمائی۔ انھوں نے صدارتی خطبے میں کہا کہ جدید تعلیمی اور تدریسی طریقہ کار ایسا ہنر ہے کہ ماضی سے اپنا رشتہ نہیں رکھتا۔ ہمارے اسلاف نے جو روشنی کے مینار بنائے ہیں، ان ہی کی شعاعیں الگ الگ زاویے سے ہر دور میں منعکس ہوتی رہتی ہیں۔

پروفیسر شہزاد انجم مزید کہتے ہیں کہ اکادمی برائے فروغِ استعدادِ اردو میڈیم اساتذہ جامعہ ملیہ اسلامیہ کا ایسا شعبہ ہے جو تدریس سے متعلق مختلف کاموں کی انجام دہی میں سرگرم رہتا ہے۔ آٹھویں جماعت کے لیے ‘ہماری کتاب’ کی تیاری سے متعلق یہ ورکشاپ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ انھوں نے ورکشاپ کے شرکا کو مشورہ دیا کہ انتخاب متن میں معلومات اور اخلاقیات کا تناسب قائم رہے۔

افتتاحی اجلاس کا آغاز ڈاکٹر شاہ نواز حیدر کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔ بعد ازاں ڈاکٹر واحد نظیرؔ نے بارگاہِ رسولؐ میں نعت کے اشعار پیش کیے۔ اجلاس میں سید تنویر احمد (ڈائریکٹر، مرکزی تعلیمی بورڈ) بحیثیت مہمانِ خصوصی اور محمد سلیم اللہ خان (اسسٹنٹ سکریٹری، مرکزی تعلیمی بورڈ) بحیثیت مہمانِ اعزازی شریک ہوئے۔ اجلاس کے اختتام پر ڈاکٹر حنا آفریں نے شرکا اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر نوشاد عالم، ڈاکٹر عبدالرحمن، ڈاکٹر محمد رضوان خان، عائشہ رحمٰن، اقبال حسین اور ڈاکٹر محمد عارف وغیرہم بھی  شریک ہوئے-